صنعاء،5ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں باغی حوثی ملیشیا نے پیر کے روز ایک گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے تعز صوبے میں ایک گھر کو اس کے مکینوں سمیت دھماکے سے تباہ کر دیا۔ حوبان کے علاقے میں کی جانے والی اس بے رحمانہ کارروائی کے نتیجے میں ایک یمنی شہری اور اس کے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔حوثیوں اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے زیر کنٹرول علاقے حوبان میں مقامی آبادی نے بتایا کہ حوثی مسلح عناصر نے عوامی مزاحمت کاروں کے ایک کمانڈر خلیل التمیمی کی تلاش میں اس کے رشتے دار احمد عبدالرحیم کے گھر پر دھاوا بول دیا اور بعد ازاں اس گھر کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے تباہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں گھر میں موجود یمنی شہری احمد عبدالرحیم ، اس کی 5سالہ بیٹی سعاد اور 11سالہ بیٹا عبدالرحیم جاں بحق ہو گئے۔ ابھی تک ملبے کے نیچے سے لاشوں کو نہیں نکالا جا سکا۔عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ گھر کو دھماکے سے اڑانے کے بعد حوثی ملیشیا نے گھر کے مالک احمد عبدالرحیم کے رشتے داروں اور پڑوسیوں میں 5افراد کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر پہنچا دیا۔حوثی ملیشیا یمن کے کئی صوبوں میں اپنے مخالفین کے گھروں کو دھماکے سے تباہ کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ سال 2013میں اپنے معرکوں کے آغاز سے اب تک وہ سیکڑوں گھر دھماکوں سے تباہ کر چکی ہے۔